بیرون ملک سے 5 ہزار پاکستانیوں کو لانے کے لئے فلائٹ آپریشن

0
550

نیا بھر میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے سول ایوی ایشن نے خصوصی فلائٹ آپریشن ترتیب دے دیا ہے جس کے تحت 20 سے 28 اپریل تک دنیا کے مختلف ممالک سے 5ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

سول ایوی ایشن کے مطابق آئندہ 9دنوں کے دوران 27 پروازوں کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے 5 ہزار 250 سے زائد پاکستانی واپس وطن پہنچیں گے۔

خصوصی پروازوں کے آپریشن میں پی آئی اے کی 15 پروازوں کے علاوہ قطر ایئرلائنز کی 4 اور بحرین ایئر کی بھی ایک پرواز آپریٹ کرے گی۔

سول ایوی ایشن کے مطابق اس کے علاوہ مزید سات خصوصی پروازوں کو آپریٹ کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور جلد اس حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اس سلسلے میں جنوبی افریقہ، کوریا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے چار پروازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آئیں گی جبکہ متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا سے چار پروازیں لاہور بھی آئیں گی۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، سنگاپور سے 6 پروازیں کراچی، یو اے ای سے دو پروازیں پشاور اور 3 ملتان آئیں گی۔

بیرون ملک سے پاکستانیوں کو لانے والی پروازوں میں سے فیصل آباد میں یو اے ای کی 3 اور بحرین سے ایک پرواز اترے گی۔

پیر کو سات پروازوں کے ذریعے ایک ہزار 620 پاکستانی شہری جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچیں گے اور 23 اپریل کو بحرین ایئرلائنز کی پرواز 250 پاکستانیوں کو واپس وطن لائے گی۔

اس کے علاوہ 24 اپریل کو مزید 1600 پاکستانی کوریا، ملائیشیا، سنگا پور اور یو اے ای سے واپس پہنچیں گے اور 26 اپریل کو یو اے ای سے دو پروازوں کے ذریعے280 پاکستانی واپس وطن آئیں گے۔

اس آپریشن کا اختتام 28اپریل کو ہو گا اور اس دن آسٹریلیا سمیت یو اے ای سے 6 پروازوں پر 1500 پاکستانی واپس وطن آئیں گے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ اس ہفتے 6 ہزار مسافر لائیں گے جن میں سب سے زیادہ مزدور طبقہ اور متحدہ عرب امارات میں جن کے ویزے ختم ہوئے ہیں وہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس ہفتے لگ بھگ 16 سے 17 پروازیں متحدہ عرب امارات سے پی آئی اے اور امارات کی پروازیں ہمارے شہریوں کو واپس لائیں گی۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ ہفتے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی اور علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس میں 30 اپریل تک کی توسیع کردی تھی۔

تاہم بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی فلائٹس کو استثنی حاصل ہو گا اور اس سلسلے میں خصوصی ویب سائٹ بھی قائم کردی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here