فیڈرل بور ڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے مالی سال 21-2020 کے پہلے دو ماہ کے مقر ر کردہ ہدف 551 ارب کے مقابلے میں 42 ارب کے اضافہ کے ساتھ 593 ارب اکھٹے کئے ہیں جو کہ مقر رکردہ ریوینیو ہدف کا 108 فیصد بنتے ہیں۔ پچھلے سال جولائی و اگست میں 582 ارب روپے اکھٹے ہوئے تھے جو کہ اس سال اضافہ کے ساتھ 593 ارب اکھٹے ہوئے ہیں جبکہ ماہ جولائی و اگست میں 30.6 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے جو کہ پچھلے سال 11 ارب روپے کے تھے۔ سیلز ٹیکس ریفنڈز بھی مرکزی اور خودکار فاسٹر نظام کے تحت حکومت کے کئے گئے وعدے کے مطابق 72 گھنٹوں کے اندر جاری کئے جارہے ہیں۔
ایف بی آر کے تحت بہت سمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے تحت ماہ اگست میں پاکستان کسٹمز نے 3.95 ارب روپے کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کیں جو کہ اگست 2019 میں 2.1 ارب روپے کی تھیں اس طرح 87.3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ان ضبط شدہ اشیاء میں کپڑا، سگریٹ، غیر ملکی کرنسی، پٹرولیم اشیاء ، منشیات اور دوسرے متفرق اشیاء شامل ہیں۔ مزید برآں لگثری گاڑیاں، سونا اور چھالیہ کی بھی ضبطی عمل میں آئی۔