پشاور، اے این پی کی کارنر میٹنگ میں دھماکہ، ہارون بلور سمیت 12 جاں بحق

0
582

پشاور(ویب نیوز) پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکا،دھماکے کے نتیجے میں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور سمیت 12 افراد شہید ہوگئے۔مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔ دھماکے میں 12 افراد شہید ہوگئے جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی شامل ہیں۔
دھماکے کے بعدامدادی اداروں نے تمام لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زائد ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔ ہارون بلور انتخابی مہم کے سلسلہ میں اس کارنر میٹنگ سے خطاب کرنے کے لیے اسٹیج پر پہنچے ہی تھے کہ حملہ آور نے ان کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے کے بعد اے این پی کے کارکنان بڑی تعداد میں جائے وقوع اور اسپتال پہنچ گئے۔اطلاعات آئی تھیں کہ ہارون بلور کے ساتھ ان کے بیٹے دانیال بلور بھی موجود تھے اور وہ بھی زخمی ہوگئے ہیں تاہم اسپتال ذرائع کے مطابق وہ محفوظ ہیں۔ذرائع کے مطابق دھماکے میں کم از کم 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here