وزارت قومی صحت نے سالانہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے مطابق دوا ساز کمپنیوں کو انتہائی اہم ادویات کی قیمتوں میں 7 فیصد جبکہ غیر اہم ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دے دی۔
تاہم دوا ساز کمپنیوں نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے سلسلے میں عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں تعاون کے لیے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ادویات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق حکومت نے عالمی وبا کے دوران لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے دوا ساز کمپنیوں سے رابطہ کر کے قیمتیں مستحکم رکھنے کے فوری اقدامات کیے۔
واضح رہے کہ ڈرگ پالیسی 2018 کے تحت سالانہ کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق دوا ساز کمینیاں انتہائی اہم ادویات کی قیمتوں میں 7 فیصد جبکہ غیر اہم ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کر سکتی ہیں۔
تاہم تمام ادویات آئندہ ماہ کے آخر تک پرانی قیمتوں پر ہی دستیاب رہیں گی کیوں کہ دوا ساز کمپنیوں نے عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی اقدامات میں ساتھ دینے کے لیے مالی سال کی ابتدائی سہ ماہی میں ادویات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔