میر حاصل بزنجو انتقال کرگئے

0
202

نیشنل پارٹی کےرہنما سینیٹر میر حاصل خان بزنجو انتقال کرگئے۔

ترجمان نیشنل پارٹی جان بلیدی کے مطابق میرحاصل بزنجو وفاقی وزیر بھِی رہے ہیں اور وہ گذشتہ کچھ مہینوں سے پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔

جان بلیدی نے بتایا کہ حاصل خان بزنجو کو طبیعت کی خرابی کےباعث نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔

نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو کو جمعہ کے روزخضدار میں سپرد خاک کیا جائے گا، میت خضدار میں ان کے آبائی گاؤں نال لے جائی جائے گی، نماز جنازہ جمعہ کی شام 5 بجے نال میں ہی ادا کی جائے گی۔
میر حاصل بزنجو کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے، دونوں اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
میر حاصل خان بزنجو گزشتہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن جماعتوں کے چیئرمین سینیٹ کیلئے متفقہ امیدوار تھے تاہم ان کے مقابلے میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے کامیابی حاصل کی تھی۔

حاصل بزنجو کون تھے؟
میر حاصل خان بزنجو 3 فروری 1958 کو بلوچستان کے علاقے نال میں پیدا ہوئے، ان کے والد میر غوث بخش بزنجو صوبے کے نامور سیاست دان تھے، دوران طالب علمی سے ہی وہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سرکردہ رہنما رہے۔

حاصل خان 1990 میں پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، 1997کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دوبارہ قومی اسمبلی کے رکن بنے ،حاصل بزنجو نے 2003 میں بلوچستان نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی بنیاد رکھی جو بعد میں نیشنل پارٹی میں تبدیل ہوگئی۔

میر حاصل بزنجو 2009 میں بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہوئےجبکہ میں 2014 میں نیشنل پارٹی کے صدر بنے۔

2015 میں سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دوبارہ سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے، 2016 میں میاں نواز شریف کی حکومت میں پورٹ اینڈ شپنگ کے وفاقی وزیر بننے اور شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں بھی اسی عہدے پر فائز رہے۔

میر حاصل بزنجو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بنائی جانے والی رہبر کمیٹی کے فعال رکن بھی تھے، میر حاصل بزنجو پچھلے کچھ مہینوں سے پھیپٹروں کے سرطان میں مبتلا تھے۔

نیشنل پارٹی نے میر حاصل بزنجو کے انتقال پر 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here