جسٹس دوست محمد نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر

0
560

جسٹس (ر) دوست محمد خان کو نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر کردیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہونے پر یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی صدارت میں الیکشن کمیشن کے اجلاس جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد کو مقرر کیا گیا جس کا اعلان الیکشن کمیشن حکام نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے مراسلے میں صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے 4 نام دیئے گئے تھے، جن میں حکومت کی جانب سے حمایت اللہ خان اور اعجاز قریشی کے نام شامل تھے، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے منظور آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد کا نام دیا گیا تھا۔

جسٹس دوست محمد خان کون ہیں؟

جسٹس دوست محمد 1953 میں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے بنوں سے گریجویشن اور پھر کراچی سے وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد بنوں میں ہی وکالت کی پریکٹس شروع کی اور بنوں بار اور پھر پشاور ہائی کورٹ بار کے صدر بنے۔

2002 میں وہ پشاور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج بنے اور 2003 میں پشاور ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر حلف اٹھایا جبکہ 2011 میں انہیں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا گیا۔

دوست محمد خان 2014 میں سپریم کورٹ کے جج بنے اور 19 مارچ 2018 کو مدت پوری کرکے ریٹائر ہوگئے۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے ڈرون حملوں، سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو تاحیات ناہل قرار دینے، خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کے معاہدوں اور لاپتہ افراد کے بہت سارے کیسز پر فیصلے دیئے۔

خیبر پختونخوا میں موبائل کورٹس اور پشاور ہائی کورٹ میں ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹ کا قیام بھی جسٹس دوست محمد کے دور میں عمل میں آیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here