سندھ پولیس کے انسپکٹرز کی سینیارٹی لسٹ میں پولیس رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من پسند افراد کو سینیارٹی دیدی گئی تھی اور درجنوں ایسے افسران فہرست میں شامل تھے جنہیں ترقی پہلے مل گئی اور ترقی کے لیے ضروری کورس بعد میں کیا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ نےتمام پولیس رینج میں تحقیقاتی کمیٹیاں قائم کی تھیں تاہم ڈی آئی جی امین یوسفزئی کی سربراہی میں کراچی رینج کی کمیٹی نے رپورٹ تیار کرلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے غیرقانونی ترقی پانے والے 97 افسران سے متعلق تحقیقات کیں اورتحقیقات کے دوران تمام افسران کی ترقیاں غیرقانونی پائی گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی ترقی پانے والے سینیارٹی لسٹ میں اپنے سینیئرز سے آگے نکل گئے تھے جس پر کمیٹی نے تمام 97 افسران کی ترقیاں غلط قرار دے کر اصل سینیارٹی پر بھیج دیا جب کہ 97 افسران کی غیرقانونی ترقیاں کالعدم ہونے سے 1800 انسپکٹرز کو فائدہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 7 افسران نے اپنی ترقی سے متعلق دستاویزات کمیٹی کو پیش نہیں کیں جس پر ان افسران کی سینیارٹی بھی روک دی گئی ہے۔