سینٹ کے دوبارہ منتخب ہونے والے چیئرمین صادق سنجرانی اپوزیشن کے مدمقابل امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کوآرڈینیٹر رہ چکے ہیں۔
صادق سنجرانی جن کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔وہ پہلی مرتبہ 3 مارچ 2018 ء کو بلوچستان سے آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہوئے۔پاکستان کے ایوان بالا کے2018 کے انتخابات کے دوران وہ چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار تھے۔ ماضی میں ان کا پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں ہی سے تعلق رہا۔
رواں برس وہ دوبارہ چئیرمین سینیٹ کے امیدوار بنے تاہم اس بار انہیں حکومت کی حمایت حاصل تھی۔ صادق سنجرانی کا آصف زرداری سے قریبی تعلق رہا ہے۔اسی حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی 2008 میں حکومت بنی تو انھیں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا اور وہ پانچ سال تک اس عہدے پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔2018میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا مرحلہ آیا تو بلوچستان کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین کے لیے انوارالحق کاکڑ اور صادق سنجرانی کے نام پیش کیے تھے، جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے صادق سنجرانی کا نام منظور کیا، تاہم مسلم لیگ ن کے سینیٹر مرحوم مشاہداللہ خان کا دعویٰ تھا کہ صادق سنجرانی کا نام وہاں سے ہی آیا ہے جہاں سے نام آتے ہیں۔
صادق سنجرانی ایوان بالا کےکم عمر ترین چئیرمین ہیں۔وہ 1998 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے کوآرڈینیٹر رہے،پھر انہوں نےدس برس حکومت سے کنارہ کشی اختیار کئے رکھی۔رواں برس 12 مارچ کو صادق سنجرانی نے اپوزیشن کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے مقابلہ کیا جن کی سربراہی میں وہ کوآرڈینیٹر کے فرائض سرانجام دے چکے تھے۔سیاسی تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ یوسف رضا گیلانی نے کبھی سوچا بھی نہ ہوگا کہ ان کے کوآرڈینیٹر کبھی ان کے مدمقابل امیدوار ہوں گے اور ان سے زائد ووٹ لے کر بطور چیئرمین سینیٹ انہیں شکست سے دوچار کر دیں گے۔
صادق سنجرانی کا عوامی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا بلکہ وہ بزنس مین کے طور پر پہچان رکھتے ہیں۔
وہ 14 اپریل 1978 کو پیدا ہوئے،ان کا تعلق ضلع چاغی سے ہے۔وہ سنجرانی قبیلے کے خان بہادر خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔
صادق سنجرانی کے والد خان محمد آصف سنجرانی ضلع کونسل چاغی کے رکن رہے جبکہ ایک بھائی رازق سنجرانی سیندھک پروجیکٹ میں ڈائریکٹر جبکہ دوسرے بھائی محمد سنجرانی سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کے مشیر رہ چکے ہیں۔
صادق سنجرانی کا کاروبار بلوچستان کے علاوہ دبئی میں بھی پھیلا ہوا ہے۔
صادق سنجرانی ، سنجرانی مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نیشل انڈسٹریل پارکس ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور حبکو کے ڈائریکٹر چئیرمین بھی رہ چکےہیں ۔ سنجرانی ،رند قبیلے کی شاخ ہے جو بلوچستان کے علاوہ سندھ اور ایران تک پھیلا ہوا ہے۔سندھ میں سنجرانی ، سندھی ، سرائیکی اور بلوچی زبانیں بولتے ہیں۔سنجرانی قبیلےکی اکثریت 400 سال سے چاغی میں رہتی ہے-اس قبیلے کے موجودہ سردار تاج محمد خان سنجرانی ہیں۔