پاکستانی بشپ مسیحی دنیاکے 14 نئے کارڈینلز میں شامل، پوپ فرانسس نے اعلان کردیا

0
283

کراچی کے آرچ بشپ جوزف کوٹس 29 جون کو رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے اعلان کردہ 14 نئے کارڈینلز میں شامل ہوجائیں گے۔یہ پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے ،جس پرپاکستانی مسیحی بہت خوش ہیں۔

جوزف کورٹس تاریخ کی دوسری پاکستانی شخصیت ہیں جنہیں یہ عہدہ ملے گا۔ ان سے قبل پاکستان سے آرچ بشپ جوزف کورڈرو بھی کارڈینل رہ چکے ہیں تاہم 1994ء میں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔

پوپ فرانسس نے جوزف کوٹس کو کارڈینل بنائے جانے کا اعلان گزشتہ ہفتے ویٹی کن سٹی میں اپنے خطاب میں کیا تھا۔

جوزف کوٹس کو 2012ء میں ایوارسٹ پنٹو کے انتقال کے بعد کراچی کا آرچ بشپ مقرر کیا گیا تھا۔

بشپ جوزف کوٹس مسلمانوں کے ساتھ بین المذاہب مذاکرات میں بھی بہت سرگرم رہے ہیں۔ وہ پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس کے صدر بھی ہیں۔

فلسفے میں ڈاکٹریٹ کرنے والے بشپ جوزف انگریزی، اطالوی، جرمن، فرینچ، اردو، پنجابی اور سندھی سمیت سات زبانوں پر عبور رکھتے ہیں۔

جون کی 29 تاریخ کو بشپ جوزف کوٹس کے ساتھ جن 13 دیگر افراد کو باقاعدہ کارڈینلز منتخب کیا جائے گا ان کا تعلق اٹلی، اسپین، پرتگال، پولینڈ، عراق، جاپان، مڈغاسکر، پیرو، میکسیکو اور بولیویا سے ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جوزف کوٹس سے چرچ جاکرملاقات کی اور انہیں مبارکباد دی.
کارڈینل کا رتبہ
کیتھولک چرچ میں کارڈینل کا رتبہ اورمنصب سب سے اہم ہوتا ہے۔ پوپ کی رحلت کے بعد کارڈینلز ہی نئے پوپ کا انتخاب کرتے ہیں۔ پوپ کے انتخاب میں 80 برس سے کم عمر کے کارڈینلز رائے شماری میں شریک ہو سکتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here