پشاور کی مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے آج جمعہ کوعید منانے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق عید 16 جون ہفتہ کو ہوگی، یوں پاکستان میں ایک بار پھر دو عیدیں منائی جائیں گی۔
ہنگو میں مقامی رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آج جمعہ کوعیدالفطر کا اعلان کر دیا، ہنگو میں ایک جبکہ اورکزئی سے سات شہادتیں موصول ہوئیں۔
بنوں میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس زیر صدرات ضلعی حطیب مفتی عبدالغنی منعقد ہوا اور چاند نظر آنے کی تین شہادتیں موصول ہونے کے بعد بنوں میں بھی عید کا اعلان کر دیا گیا۔
اسی طرح ضلع باجوڑ میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر آنے کی دس سے زیادہ شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی باجوڑ کے چیئرمین مفتی حنیف اللہ جان نے عید منانے کا اعلان کیا۔
ضلع خیبر، چارسدہ ، کوہاٹ اور مردان میں بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مساجد سے آج عید منانے کا اعلان کیا گیا۔