عالمی بینک اور وفاقی ادارہ برائے منصوبہ بندی و ترقی کی رپورٹوں کے مطابق، پاکستان میں 30 دن کے استعمال کے لیے پانی کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت موجود ہے ، جو کم سے کم 120دن تک کی ہونی چاہیے۔ اس کے برعکس انڈیا 200 دن اور مصر میں 1000دن تک کے استعمال کے لیے پانی اسٹور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کو دریاؤں اور بارشوں کی صورت میں سالانہ تقریباً 115ملین ایکڑ فٹ پانی مہیا ہوتا ہے۔ اس پانی کا 93 فیصد زراعت کے لیے استعمال ہوتا ہے اور پانچ فیصد گھریلو اور دو فیصد صنعتی شعبے میں استعمال ہوتا ہے۔ تاہم اریگیشن نیٹ ورک زبوں حالی کا شکار ہونے کے باعث زرعی شعبے کو ملنے والے پانی کا 70فیصد حصہ ترسیل کے دوران ضائع ہوجاتا ہے۔