اکنامک رپورٹر ۔راحیل نواز سواتی
ٹیکس سال 2020 کے لئے آن لائن انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے فارم ایف بی آر نے اپلوڈ کر دیئے ہیں۔تنخواہ داروں اور چھوٹے تاجروں کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنا مزید آسان اور سادہ کر دیا گیا ہے۔چھوٹے تاجروں کو گوشوارے داخل کرنے لئے اب صرف ایک صفحہ پر بنیادی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔انکم ٹیکس گوشوارے ایف بی آر کی آن لائن ویب پورٹل یا ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے داخل کئے جا سکتے ہیں۔ایف بی آر میں ہونے والی پریس کانفرنس سے ایف بی آر ترجمان سید ندیم حسین رضوی ، ممبر آئی آر پالیسی محمد طارق چوہدری اور ممبر آئی ٹی عاصم احمد نے خطاب کیا ۔ پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ ا کروڑ تک ٹرن اوور والے تاجروں کے لئے نہایت سادہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کا فارم مرتب کیا گیا ہے۔ویلتھ سٹیٹمنٹ فارم کو بھی نہایت آسان طریقہ سے داخل کیا جا سکتا ہے۔انکم ٹیکس گوشوارے آن لائن راہنمائی کے ساتھ آسانی سے داخل کئے جا سکتے ہیں۔
ایف بی آر نے اس سال لوگوں کی مشکلات اور کنفیوثرن کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام درکار معلومات کو نہا یت آسان فہم بنا دیا گیا ہے۔
انکم ٹیکس گوشوارے نہایت آسانی کے ساتھ سمارٹ فون کے ذریعے داخل کئے جا سکتے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے پر ٹیکس گزاروں کی راہنمائی کے لئے اشتہاری کیمپین کی جائے گی ۔انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے پر ٹیکس گزاروں کی راہنمائی کے لئےویڈیو ٹیوٹوریل بھی ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دیا گیا ہے۔تمام فیلڈ دفاتر میں انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے لئے ٹیکس گزاروں کے لئے سہولتی ڈیسک قائم کئے گئے ہیں۔ ایف بی آر نے سسٹم اپ گریڈ کر دیا ہے اس لئے اب آخری تاریخ تک آسانی سے گوشوارے داخل کئے جا سکتے ہیں۔ایف بی آر افسران نےپریس کانفرنس میں مزید آگاہ کیا کہ ٹیکس گزار 30 ستمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کر سکتے ہیں۔