راحت اندوری کی دعاؤں کی درخواست،کچھ دیر بعد چل بسے

Urdu poet

0
857

اردو کے عالمی شہرت یافتہ شاعر راحت اندوری 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راحت اندوری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ بھارتی شہر اندور کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

اردو مشاعروں کی جان سمجھے جانے والے راحت اندوری ذیابیطس، گردوں اور دل کے عارضے میں بھی مبتلا تھے۔

کرونا کے علاج کے دوران ہی انہیں دل کے 2 دورے پڑے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔

راحت اندوری نے انتقال سے کچھ ہی دیر پہلے سوشل میڈیا پر دعاؤں کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

ان کے انوکھے اور پراثر انداز بیاں کی بناء پر دنیا بھر میں ان کے قدر دان موجود تھے۔ راحت اندوری کی کئی نظمیں اور شعر زبان زد عام ہیں اور ان کے شعربھارت کے سیاسی جلسے جلوسوں میں بھی موحول گرما دیتے ہیں۔

بھارتی شاعر جاوید اختر نے کہا ہے کہ راحت اندوری حبیب جالب کی طرح شاعروں کے اس معدوم ہوتے قبیلے سے تعلق رکھتے تھے، جو حق بات کہنے کی جرأت رکھتے تھے۔

راحت اندوری نے اردو ادب میں پی ایچ ڈی کر رکھی تھی اور طویل عرصہ درس و تدریس سے وابستہ رہے، انہوں نے بالی وڈ فلموں کے لیے گیت بھی لکھے تھے جن میں ’مرڈر‘ اور ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here