رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں پہلا روزہ ہفتہ کو ہوگا

0
540

ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کے علاوہ اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین اور پہلی بار وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے نمائندہ نے بھی شرکت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ ان کی وزارت کے نمائندے کو پہلی مرتبہ رویت ہلال کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اجلاس کے بعد مفتی منیب الرحمٰن نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘پشاور سمیت ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ ہوگا۔

ملک میں رمضان المبارک کا چاند جمعہ کو نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔

مساجد میں اجتماعات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘علما اور مساجد انتظامیہ سے اپیل ہے کہ صدر پاکستان کے 20 نکاتی منشور پر لازمی عمل کریں، تمام مساجد میں نمازیوں کو لائن اپ کرنے کے لیے رضاکار مقرر کرنے چا ہیئں، جبکہ نزلہ، زکام یا کوئی اور مرض ہو تو بھی مساجد میں نہ آئیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا مسئلہ کے حل پر شکر گزار ہوں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here