میسی کو یہ کیا ہوا۔؟؟

0
927

اسپین کے فٹبال کلب بارسلونا کو 32 ٹرافیز جتانے والے فٹبالر لیونل میسی کی فیفا ورلڈ کپ 2018 میں کارکردگی دیکھ کر ایسا لگتا ہے شاید وہ فٹبال کھیلنا بھول گئے ہیں۔

ارجنٹائن کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو بھی دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ اس وقت اس اسکواڈ میں کوئی بھی کھیلنے والا ایسا کھلاڑی نہیں جس سے کسی طرح کی بھی امید کی جاسکتی ہو۔

ارجنٹائن کی ٹیم میں جہاں ایک بہت بڑے اسٹار کے ہوتے ہوئے بھی شائقین محسوس کر رہے ہیں، میسی وہ کھیل پیش نہیں کر رہے جس کے لیے وہ اس ٹیم میں اپنا ایک مقام رکھتے ہیں۔ ان کی ٹیم میں شمولیت بارسلونا کے لیے جیت کی ضمانت سمجھی جاتی ہے۔

دنیا کا نامور اور بڑا کھلاڑی اب تک ورلڈکپ 2018 میں اپنے شائقین کو شکست ، شرمندگی اور غصے کے سوا کچھ نہ دے سکا، جس کی وجہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی اب تک کی خراب کارکردگی ہے۔

روس میں جاری ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کا پہلا میچ آئس لینڈ جیسی کمزور ٹیم کے ساتھ ہوا، رینکنگ میں 5ویں نمبر کی ٹیم 22ویں رینک پر موجود ٹیم آئس لیند کو شکست سے دوچار نہ کر سکی، عمومی طور پر جس کا ذمہ دار 31 سالہ اسٹار کو سمجھا جاتا ہے، سیکڑوں گول کرنے والے میسی کو گولڈن چانس بھی ملا ، لیکن وہ آئس لینڈ کے گول کیپر کو چکمہ نہ دے سکے اور یوں اہم ترین پینلٹی ضائع کر دی۔

پہلا میچ تو 1-1 گول سے برابر رہا مگر اس کے بعد سب نے کروشیا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں میسی سے امیدیں باندھ لیں، اس میچ میں سب ہی میسی کا وہ روپ دیکھنا چاہتے تھے جو وہ بارسلونا کے لیے کھیلتے ہوئے دکھاتے تھے، لیکن کروشیا نے تو ارجنٹائن کا آئس لینڈ سے بھی زیادہ برا حال کیا اور بدترین شکست سے دوچار کیا۔

لیونل میسی کو کروشیا کے خلاف گول کرنے کا موقع ملا، اس کے باوجود وہ فٹبال کو جال میں نہیں پھینک سکے، فٹبال اسٹار اس میچ میں ایسا کچھ نہ کرسکے جس کی شائقین ان سے توقع کر رہے تھے، گول نہ کر پائے تو فٹبال اسٹار نے حریف کھلاڑی کے خلاف بھرپور غصے کا اظہار کیا، انہوں نے مخالف ٹیم کے ڈیفنڈر کو جھنجوڑ دیا۔

ریفری کی اختتامی سیٹی بجتے ہی میسی کسی سے ملے بغیر ہی منہ لٹکائے سیدھا ڈریسنگ روم کی جانب چلے گئے۔

فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن اپنا تیسرا میچ نائیجیریا کے خلاف کھیلے گی، اب دیکھنا یہ ہے کہ ارجنٹائن کے اہم کھلاڑی اور اسٹار لیونل میسی اس میچ میں کیا کار کردگی دکھا پائیں گے، یا خراب کھیل کی یہی صورتحال برقرار رہے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here