پرتگالی زبان کے اب تک کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے برازیلین نژاد سوئس ناول نگار پاؤلو کویلہو نے مداحوں سے کتابیں پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان بھیجنے کی اپیل کردی۔
اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے پاؤلو کویلہو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے دنیا بھر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے صوبے بلوچستان زیادہ سے زیادہ کتابیں بھیجیں۔
پاؤلو کویلہو نے کتابیں بلوچستان بھیجنے کی اپیل کردی
پولو کویلہو نے بلوچستان میں لائبریری کے قیام کی خبر کا لنک شیئر کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح بلوچستان کے کچھ نوجوان صوبے کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں میں شعور لانے کے لیے لائبریریوں کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔
شیئر کردہ لنک میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں پاؤلو کویلہو اور ’فورٹی رولز آف لو‘ کی مصنفہ ایلف شفق بہت مقبول ہیں اور دونوں کے ناول شوق سے پڑھی جاتی ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ ناول نگار کے اس ٹوئٹ نے ناصرف پاکستانی ٹوئٹر صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا بلکہ دنیا بھر کے لوگ بھی حیران رہ گئے کہ کیسے پاؤلو نے ناصرف یہ خبر پڑھی بلکہ اس پر خاصہ مثبت ردعمل بھی دیا۔
انہوں نے لوگوں سے بلوچستان کتابیں بھیجنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’بلوچستان زیادہ سے زیادہ کتابیں بھیجیں کیونکہ وہاں لائبریری کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔‘
صارفین نے اپنے پسندیدہ ناول نگار کی جانب سے کئے گئے اس ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مصنف نے گوگل پر یقیناً اپنے نام کا الرٹ لگا رکھا ہے اس وجہ سے ہی انہوں نے نوجوانوں کی جانب سے بلوچستان میں لائبریریاں بنانے والی خبر پڑھی ہوگی۔
پاؤلو کویلہو کے لئے کہا جاتا ہے کہ وہ دنیا کے ان چند لکھاریوں میں سے ایک ہیں جن کی کتابوں سے دنیا بھر کے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں، ان کی کتابیں دنیا کی 52 سے زیادہ زبانوں ترجمہ ہوچکی ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ ناول نگار کے ناول الکیمسٹ نے پوری دنیا میں شہرت حاصل کی اور لکھاری کی پہچان بھی بنا، اس ناول کی لاکھوں کاپیاں بک چکی ہیں، جو ایک ریکارڈ ہے۔
پاؤلو کویلہو کی مشہور ناولوں میں الکیمسٹ، الیون منٹس، ایڈلٹری، ورونیکا ڈسائیڈ ٹو ڈائے، دی زاہر، جرنی، لو اور دیگر شامل ہیں۔