غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 46 افراد ہلاک ،درجنوں لاپتہ

0
936

تیونس کے ساحلوں سے تارکین وطن کو لے کر یورپ کی جانب روانہ ہونے والی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 46 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا یہ تازہ واقعہ تیونسی جزیرے قرقنہ کے قریب پیش آیا۔

شمالی افریقی ملک تیونس کی وزارت دفاع کے مطابق تیونسی ساحلوں سے تارکین وطن کو لے کر بحیرہ روم کے سمندری راستوں کے ذریعے یورپ کی جانب روانہ ہونے والی اس کشتی میں قریب ایک سو اسّی مہاجرین سوار تھے۔ یہ کشتی تیونس کے مشرقی ساحل پر واقع تیونسی جزیرے قرقنہ کے قریب بحیرہ روم میں ڈوب گئی۔
تیونسی وزارت دفاع کے مطابق اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی تھیں۔ امدادی کارروائیوں میں اڑسٹھ تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا جب کہ چھیالیس افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش کا کام اب بھی جاری ہے۔
حالیہ مہینوں کے دوران تیونسی ساحلوں سے یورپ کی جانب مہاجرت کے رجحان میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے۔ عام طور پر ایسے تارکین وطن کی اکثریت کا تعلق مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک سے ہوتا ہے۔ تاہم اس تازہ واقعے میں امدادی کارروائیوں کے دوران جن 68 تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچایا گیا، ان میں سے اکسٹھ تیونسی باشندے تھے جب کہ دیگر سات غیر ملکی تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here