بجٹ :کن شعبوں کو ریلیف ملنے کی توقع ،تجزیہ۔شعیب نظامی

0
46

آئندہ مالی سال 2020 -21 کے بجٹ میں بس چند روز باقی ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ان شعبوں پر توجہ دی جائے جن سے لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔
جن سے پیداواری شعبہ ترقی کرے اور برآمدات میں اضافہ ہو ۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعت زراعت اور چھوٹے کاروبار کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور وزیراعظم نے ان شعبوں کے لیے وسائل مختص کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔
بالخصوص ایسی صنعتیں جن سے پاکستان کی ایکسپورٹ یا برآمدات وابستہ ہیں۔
حکومت کوشش کرے گی کہ زراعت ،صنعت اور چھوٹے کاروبار پر جولائی اگست اور ستمبر کے تین ماہ کے دوران، خصوصی ریلیف فراہم کرے اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں مدد دے۔
کرونا وائرس سے گذشتہ چند ماہ کے دوران ان شعبوں کو جو نقصان پہنچا ہے اس کا ازالہ کیا جائے۔کیونکہ یہ شعبے فروغ پائیں گے تو روزگار میں اضافہ ہوگا ۔اس لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زراعت، صنعت اور چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان بھی متوقع ہے۔جن سے ان شعبوں کی پیداواری لاگت کم ہو،اور خام مال سستے داموں ملے۔اور 2ہزار اقسام کے خام مال، پرزہ جات ،کیمیکلز اور آلات پر ٹیکسز میں کمی کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی میں ایک فیصد کی کمی بھی متوقع ہے۔ اس طرح موجودہ تین فیصدکسٹم ڈیوٹی کم ہو کر دو فیصد کئے جانے کی بھی توقع کی جارہی ہے۔خام مال پر کسٹم ڈیوٹی، ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایکسائز ڈیوٹی میں بھی کمی کئےجانے کا امکان متوقع ہے۔جبکہ ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی میں بھی کمی کی توقع ہے تاکہ ان شعبوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے اور ان شعبوں کی پیداواری لاگت کم ہو، اس طرح یہ شعبے فروغ پائیں۔ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور حکومت کو ترقی کی شرح میں اضافہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 26 ارب ڈالرز کا برآمدی ہدف بھی مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔اور یہ ہدف حاصل کرنا اسی وقت ممکن ہے جب صنعتی شعبے کی پیداواری لاگت کم ہو اسی صورت میں ہماری مصنوعات بین الاقوامی منڈیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکیں گی۔
دیگر پانچ برآمدی شعبے جن میں ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان،چمڑے کی مصنوعات، آلات جراحی ہیں اور فرنیچر سازی شامل ہیں۔یہ پاکستان کے اہم برآمدی شعبے ہیں۔ ان پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ یہ شعبے بھی بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here