ملکی سطح پر آئندہ بجلی کابریک ڈاؤن نہ ہو،حکمت عملی تیار

0
787

بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی نے قومی بجلی نظام میں بجلی کے خاطرخواہ اضافے کے پیش نظر ترسیلی نظام کو محفوظ بنانے کیلئے اسے مزید چھوٹے حصوں (Islands) میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹیکنیکل سٹڈی کروانے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ سسٹم کی حفاظت کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ملک کے شمالی حصے میں ٹرپنگ سے بجلی کی جزوی بندش سے بچا جاسکے۔ یہ فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔
بورڈ نے این ٹی ڈی سی مینجمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ پاور بریک ڈائون کی مکمل تحقیقات، تجزیہ کر کے وجوہات کا تعین کریں اور مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جائے تاکہ سسٹم کو بچایا جاسکے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایسے عوامل پر تشویش کا اظہار کیا جو بجلی کی بندش کا باعث یا اس میں بگاڑ پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مینجمنٹ کو بجلی کے پیداواری یونٹس کی انتظامیہ کے ساتھ MVARs کو مستحکم بنانے اور بلیک سٹارٹ(Black Start) کی سہولت کی دستیابی کیلئے معاملہ اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈسٹری بیوشن کمپنیز، جنریشن کمپنیز، سی پی پی اے (جی) اور آئی پی پیز کے مابین ڈیٹا شیئرنگ اور سسٹم کی بحالی کیلئے باہمی ابلاغ (Communication) کے فقدان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کیں کہ اس طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور سسٹم کی بحالی کیلئے SOP بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ کا فوری انعقاد کیا جائے۔
بورڈ نے این ٹی ڈی سی مینجمنٹ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 500 کے وی پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن، 500kV نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن اور ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی ترسیل کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو تسلی بخش قرار دیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 500kV نیو لاہور گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن، 500kV رحیم یار خان گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن، 220kV مانسہرہ گرڈ سٹیشن، 220kV لال سوہانرا گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن، 220kV ڈیرہ مراد جمالی گرڈ سٹیشن، 220kV اُوچ سبی ٹرانسمیشن لائن اور 220kV جھمپیر – گھارو ٹرانسمیشن لائن منصوبے جو تاخیر کا شکار تھے اُن کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کرنے پر مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس کے دوران این ٹی ڈی سی مینجمنٹ نے بجلی کی بندش پر جامع اور تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بتایا گیا کہ گدو پاور ہائوس سوئچ یارڈ میں فالٹ کے باعث 500kV کی دو ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کر گئیں۔ تیسری ٹرانسمیشن لائن ان دونوں لائنز کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اور وہ بھی ٹرپ ہو گئی۔ جس سے سسٹم دو حصوں (شمالی اور جنوبی) میں تقسیم ہو گیا۔ شمالی سسٹم میں نصب انڈر فریکوئنسی (Under Frequency) ری لیز (Relays) نے سسٹم کومستحکم رکھنے کیلئے 2800 میگاواٹ لوڈ کو الگ کر دیا۔ اسی دوران بجلی کی اضافی پیداوار کا نقصان سسٹم کے بریک ڈائون کا باعث بنا اور مساوی لوڈ کو آئیسولیٹ کرنے کیلئے سسٹم میں مزید پیداوار دستیاب نہیں تھی۔ بورڈ نے مینجمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ این ٹی ڈی سی کی ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ صارفین کو سال بھر بجلی کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here