کورونا وائرس: پاکستان میں 9505 افراد متاثر، اموات 197 ہوگئیں

0
92

پاکستان میں کورونا وائرس تشویشناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے اور حالیہ دنوں میں کیسز میں تیزی کے بعد متاثرین کی تعداد 9 ہزار 505 جبکہ اموات 197 تک پہنچ چکی ہیں۔

اس عالمی وبا سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے 185 سے زائد ملک متاثر ہیں اور اس وقت امریکا اس وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

پاکستان میں بھی اس وائرس کے پھیلاؤ میں رواں ماہ سے تیزی دیکھنے میں آئی تاہم گزشتہ 2 سے 3 روز میں نہ صرف کیسز بلکہ اموات میں اچانک اضافہ ہوگیا۔

20 اپریل کو ملک میں ایک ہی روز میں 24 اموات ہوئیں جو ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات کا ریکارڈ ہے۔

اگرچہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملکی سطح پر مختلف پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم اس کے باوجود روزانہ ایسی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتی ہیں جس میں حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کی جارہی ہوتی ہے۔

اگر آج (21 اپریل) کو بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے۔

سندھ
سندھ میں منگل کو بھی مزید 289 کیسز اور 5 اموات سامنے آئیں۔

اس حوالے میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 191 مزید ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد 28 ہزار 249 ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں مزید 289 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 3053 ہوگئی۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 5 اموات کے ساتھ ہی اموات کی تعداد 66 ہوگئی۔

ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 افراد وائرس سے شفایاب ہوئے اور اب تک مجموعی صحتیاب افراد کی تعداد 665 ہوگئی۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 4 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کی اپ ڈیٹ جاننے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 4 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 185 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان
اسی طرح گلگت بلتستان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوا اور وہاں مزید 18 افراد اس عالمی وبا کا نشانہ بنے۔

جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 263 سے بڑھ کر 281 ہوگئی۔

آزاد کشمیر
وہی آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا۔

اس نئے کیس کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین کی تعداد 50 ہوگئی۔

خیال رہے کہ اس وقت ملک میں سب سے کم متاثر علاقہ آزاد کشمیر ہے۔

صحتیاب
تاہم جہاں یہ متاثرین بڑھ رہے ہیں وہی صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 96 افراد وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

ان نئے صحتیاب افراد کے بعد ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 66 ہوگئی۔

مزید برآں ان نئے کیسز کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو پنجاب کے کیسز سب سے زیادہ 4 ہزار 195 ہے۔

اس کے بعد سندھ کے کیسز کی تعداد 3053، خیبرپختونخوا 1235 اور بلوچستان میں 465 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں 185، گلگت بلتستان میں 281 اور آزاد کشمیر میں 50 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here