فلسطینی بچوں کی فریاد رنگ لے آئی۔ارجنٹائن اسرائیل میچ منسوخ

0
1235

اسرائیل کے عوام نے ارجنٹائن کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل اسرائیل میں منعقد ہونے والے ان کے آخری وارم اپ میچ کو فلسطین کے حامیوں کے احتجاج اور کچھ ممالک کے سربراہان کا لیونل میسی اور اس کے ساتھی کھلاڑیوں پر دہشت گردی کو پناہ دینے کے الزامات لگانے کے بعد منسوخ کیے جانے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 جون کو اسرائیل اور ارجنٹائن کے درمیان دوستانہ میچ مقبوضہ بیت المقدس میں واقع ٹیڈی اسٹیڈیم میں منعقد ہونا تھا جس کے لیے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے تھے۔

ارجنٹینا کے اسٹرائیکر گونزالو ہیگوائن کا کہنا تھا کہ ’بالآخر انہوں نے اچھا فیصلہ کر ہی لیا، صحت اور شعور کو مد نظر رکھنا چاہیے، ہمیں لگتا کہ ہمارا جانا ٹھیک نہیں ہے‘۔

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے ارجنٹائن کے صدر کو فون کرکے معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کی۔

دفاعی وزیر اوگدور لیبرمین کا کہنا تھا کہ یہ بد قسمتی ہے کہ ارجنٹائن کے کھلاڑی اسرائیل کے مخالفین کے آگے کھڑے نہیں رہ سکے جن کا اصل مقصد ہمارے دفاع کا بنیادی حقوق کو نقصان پہنچانا اور اسرائیل کی تباہی ہے‘۔

خیال رہے کہ چند روز قبل یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ فٹبال ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ پر فلسطینی بچوں نے احتجاج کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی سے یہ میچ نہ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔

دونوں ملکوں کے درمیان جاری تاریخی تنازع اور حال ہی میں فلسطینی عوام پر کی گئی اسرائیلی فوج کے ظلم و ستم کے بعد 70 فلسطینی بچوں پر مشتمل گروپ نے ارجنٹائن کے فٹ بالر لیونل میسی کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ وہ اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہ کریں۔

مذکورہ خط 3 جون کو اسرائیل میں ارجنٹائن کے سفارتخانے کے حوالے کیا گیا جس میں فلسطینی بچوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ان خاندانوں کے بچے ہیں جن سے چھینی گئی زمینوں پر اب ٹیڈی اسٹیڈیم دوبارہ قائم کیا گیا ہے۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپ ہمارے تباہ شدہ گاؤں پر تعمیر شدہ اسٹیڈیم میں اپنے دوستوں کے ساتھ میچ کھیلنا چاہتے ہیں جس پر ہماری خوشی اس وقت آنسوؤں میں بدل گئی اور ہمارے دل ٹوٹ گئے کہ ہمارا ہیرو میسی ہمارے آباؤ اجداد کی قبروں پر تعمیر ہونے والے اسٹیڈیم میں کھیلنے جا رہا ہے‘۔

فلسطینی بچوں نے کہا کہ 9 جون کو جب اسرائیل اور ارجنٹائن دوستانہ میچ کھیلیں گے تو یہ ہمارے لیے ایک اداس دن ہو گا اور خط کے اختتام کچھ یوں کیا کہ ‘آئیے، ہم خدا سے دعا کریں کہ میسی ہمارے دلوں کو نہ توڑیں‘۔

دوسری جانب فلسطین کی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجب نے بھی میسی سے میچ نہ کھیلنے کی درخواست کرنے کے ساتھ ساتھ شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میسی یہ میچ کھیلیں تو فلسطینی شائقین ان کی شرٹ جلا دیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here