کیا ڈھولچی ماضی کا قصہ بن جائیں گے۔؟

0
354

پاکستان کے مختلف شہروں میں ماہ رمضان کے دوران سحری کے وقت ڈھول بجا کر اٹھانا تقریباً ایک دہائی قبل تک خاصا مقبول تھا۔ اب یہ ثقافتی روایت بتدریج معدوم ہوتی جا رہی ہے۔

پاکستانی شہروں اور قصبوں میں رمضان کی سحریوں میں ڈھول بجا کر لوگوں کو اٹھانے والے اسے مذہبی عمل سمجھنے کے ساتھ ساتھ معاشی آسودگی کا ذریعہ بھی خیال کیا کرتے تھے۔ ایسے افراد میں زیادہ تر کا تعلق محلوں میں شادی بیاہ کے موقع پر ڈھول بجانے والوں سے ہوا کرتا تھا۔ اب روایتی موسیقی دم توڑتی جا رہی ہے اور یہ لوگ بھی کمیاب ہوتے جا رہے ہیں۔ سحری کے وقت جب یہ گلی محلوں سے گزرا کرتے تھے تو خواتین اور بچے خاص طور پر انہیں دیکھنے کے لیے کھڑکیوں اور دروازوں پر کھڑے ہو جاتے تھے۔ یہ ڈھولچی رمضان کے بعد عید کے موقع پر اپنے علاقے کے گھروں پر جا کر مالی مدد کے طور پر عیدی کی صورت میں رقوم وصول کیا کرتے تھے۔
حالیہ کچھ عرصے سے سحری کے وقت لوگوں کو روزے کے لیے اٹھانے والے صدیوں پرانی روایت کے حامل ایسے ڈھولچیوں کی تعداد میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ اب گلیوں اور محلوں میں ڈھول کی تھاپ کے ساتھ ’’اٹھ جاؤ لوگو، سحری کھا کر روزہ رکھ لو‘‘ کی صدا کم ہی سننے میں ملتی ہے۔

پاکستان کے بعض قصبوں میں سحری کے وقت لوگوں کے اٹھانے والے افراد ڈھولک کا بھی استعمال کرتے ہیں
ایسے ہی ڈھولچیوں میں راولپنڈی کا لال حسین بھی ہے، وہ ہر رمضان کے مہینے میں آدھی رات کے بعد ایک بجے اپنے ڈھول پر لوگوں کو اٹھانے کا سلسلہ شروع کیا کرتا تھا۔ وہ گزشتہ پینتیس برسوں سے یہ فعل ایک نیکی سمجھ کر کرتا رہا۔ خالی اور ویران گلیوں میں کئی کلومیٹر وہ اپنے ڈھول کو بجاتے ہوئے لوگوں کی توجہ روزہ رکھنے کی جانب مبذول کرایا کرتا تھا۔
یہ امر اہم ہے کہ سبھی ڈھولچی سحری کے وقت ڈھول پر بھنگڑے کی تھاپ کا استعمال کیا کرتے تھے۔ پاکستان کے سماجی ماہرین کا خیال ہے کہ اسمارٹ فون جنریشن ایسی قدیمی روایات کے اتنے گرویدہ نہیں رہے اور نصف شب کو بستر میں دراز ہوتے وقت وہ ڈھول کی تھاپ کو نیند میں خلل بھی محسوس کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here