صدر کے دستخط۔قبائلی علاقے خیبر پختونخوا کا باقاعدہ حصہ بن گئے

0
965

صدر مملکت ممنون حسین نے پچیسویں آئینی ترمیم پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد قبائلی علاقے صوبہ خیبر پختونخوا کا باقاعدہ طور پر حصہ بن گئے ہیں اور ان علاقوں کے عوام کو ملک کے دیگر عوام کے مساوی آئینی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر ان علاقوں کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی اقدام سے سابقہ قبائلی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل گئے ہیں جس سے پاکستان مضبوط ہو گا اور خطے میں استحکام پیدا ہوگا۔
آئینی ترمیم پر دستخط کے سلسلے میں ایوان صدر میں تقریب ہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، فاٹا ریفارم کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جنرل(ر)ناصر جنجوعہ اوروزیر اعظم کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ خان بھی موجود تھے۔
آئینی ترمیم پر دستخط کرنے کے بعد صدر مملکت نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اورسابقہ قبائلی علاقوں کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قبائلی علاقوں کا انضمام ایک تاریخ ساز واقعہ ہے جسے کامیاب بنانے کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہے۔
فاٹاریفارم کمیٹی ے کے سربراہ اور پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے اس موقع پر کہا کہ اس آئینی ترمیم کے بعد قبائلی علاقے خیبر پختونخوا کا حصہ بن گئے ہیں اور ان علاقوں کے عوام کو ملک کے دیگر تمام علاقوں کے مساوی حقوق حاصل ہو گئے ہیں، سابقہ ایجنسیاں اضلاع میں بدل چکی ہیں جو اب مغربی اضلاع کہلائیں گی۔ اس طرح اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ڈپٹی کمشنرز میں بدل گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ نئے تشکیل شدہ مغربی اضلاع کو دیگرعلاقوں کے برابر لانے کے لیے ایک ہزار ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جن میں سے تیس فیصد بلدیاتی اداروں کے ذریعے استعمال ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ ان اضلاع میں تعلیم، علاج، کاروباراور رہائش کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے امن و امان کی صورت حال مزید بہتر ہوگی اورخطے میں استحکام آئے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here