عام انتخابات:کاغذات نامزدگی 2 جون سے وصول کئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

0
971

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق انتخابات 25 جولائی 2018 کو ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ملک آئین و قانون کے مطابق انتخابات کی طرف جا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے عام انتخابات 25 جولائی 2018 کو ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے یکم جون کو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا اور امیدوار کاغذات نامزدگی 2 جون سے 6 جون تک جمع کرا سکیں گے۔

انتخابی شیڈول کے مطابق 7 جون کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی اور 14 جون 2018 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ ہو گی۔

کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر ہو سکیں گی۔

انتخابی شیڈول کے مطابق اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 26 جون ہو گی اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 27 جون کو لگائی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 28 جون مقرر کی گئی ہے اور امیدواروں کی حتمی فہرست بھی 28 جون کو ہی لگائی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات 29 جون کو الاٹ ہوں گے اور انتخابات کے لیے پولنگ 25 جولائی کو ہو گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here