پاکستان میں 8 ہزار افراد کرونا سےمتاثر،21 لقمہ اجل

0
310

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 166 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7993 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 166 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ 60 ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 55، پنجاب 41، بلوچستان 5 ، گلگت 3 اور اسلام آباد میں 2 ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال
آج اتوار کوملک میں اب تک کورونا کے مزید 252 کیسز اور 21 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں اتوار کو مزید 184 کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہو ئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی تعداد 3649 جب کہ اموات کی تعداد 41 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے صوبے میں کیسز اور اموات کی مجموعی صورت حال سے آگاہ کیا۔

ہفتے کو بھی پنجاب میں کورونا وائرس کے 74 کیسز سامنے آئے تھے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 684 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں 18 افراد کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 623 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ہفتے کے روز بھی سندھ میں کورونا وائرس کے 138 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 2355 ہو گئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں کورونا کے 60 نئے کیسز اور 10 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 1137 اور اموات کی مجموعی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ روز بھی کے پی میں 84 کیسز اور 5 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔ محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ 216 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بلوچستان

صوبے میں ہفتے کو کورونا وائرس کے مزید 25 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کی تھی۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 376 ہوگئی ہے جن میں سے اب تک مقامی طور پر 229 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جب کہ 145 ایران سے آئے۔

واضح رہےکہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 142 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 171 ہو گئی ہے جب کہ شہر اقتدار میں کورونا سے اب تک 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک 72 سالہ ڈاکٹر جاں بحق ہوگیا ہے جو اسلام آباد میں دوسری ہلاکت ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی ہفتے کو کورونا کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کورونا سے متاثرہ افراد مجموعی تعداد 257 ہو گئی جب کہ اب تک 193 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں ہفتے کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ جمعے کو 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 48 ہوگئی تھی تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here