عیدکا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس14 جون کو کراچی میں ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کی شام کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے۔
شوال کے چاند کی رویت کا اعلان کرنے کے لیے کمیٹی کی صدارت چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کریں گے۔
اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس تمام صوبائی دارالحکومت اور وزارت مذہبی امور اسلام آباد کے دفتر میں ہوں گے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ عوام الناس چاند کی رویت کی شہادت ان نمبروں (99261413-021، 99261414-021، 9285203-0300) پر ریکارڈ کرواسکتے ہیں۔
جمعرات کو چاند کی رویت کی صورت میں 15 جون جمعہ کو عیدالفطر ہوگی تاہم چاند کی رویت نہ ہوئی تو عیدالفطر 16 جون ہفتہ کو ہوگی۔
محکمہ موسمیات سمیت چاند کے حوالے سے مشاہدہ کرنے والے دیگر اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کوپاکستان میں چاند کی رویت ممکن نہیں اور عیدالفطر ہفتہ کوہوگی۔
رمضان المبارک 1439 ہجری کا آغاز جمعرات 17 مئی کو ہوا تھا۔















